پاکستان میں موسم بہار اپنی پوری بہار اور خوبصورتی دکھا کر رخصت ہو رہا ہے،ہر طرف پھول ہی پھول قدرت کی بڑائی بیان کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ،پھولوں کے بھی اتنے رنگ کہ آپ گننا بھی چاہیں تو گن نہ سکیں،جونہی مئی کا مہینہ شروع ہوتا ہے تو یہ پھول مرجھانے شروع ہوجاتے ہیں تو ہر طرف پھیلی رنگوں کی بہار جب نظر نہیں آتی تو عجیب سی اداسی پھیل جاتی ہے۔جون جولائی اور اگست میں شدید گرمی اور حبس ہر چیز کو جھلسا کہ رکھ دیتا ہے تو ایسے میں دل چاہتا ہے کہ ارد گرد پھول ہوں جن کی خوبصورت آنکھوں کو بھلی لگے اور ٹھنڈک کا احساس پیدا ہو،ایک خاتون کی کال آئی کہ گرمیوں میں تو باغیچوں میں بھی جانے کو دل نہیں کرتا ،کہیں پھول نظر نہیں آتے، واقعی میدانی علاقوں میں ایسی صورت حال کچھ زیادہ ہی محسوس ہوتی ہے، میں نے سوچا اپنے دوستوں سے کچھ ایسے پودے شیئر کروں جو گرمیوں اپنے پھولوں اور خوشبو کی وجہ سے ماحول میں تازگی اور خوشبو پھیلا کر ہمیں خوش رکھ سکیں۔