ہفتہ، 14 ستمبر، 2013

آیئے آج پہلا پودا لگائیں

الحمد اللہ دوست احباب نے اس بلاگ کو بہت پسند کیا اور میری حوصلہ افزائی کی ہے جس پر میں تمام احباب کا مشکور ہوں، انشاء اللہ اب یہ سلسلہ جاری رہے گا اور وہ احباب جو باغبانی کا شوق رکھتے ہیں اور اپنے گھروں کو پودوں اور پھولوں سے سجانا چاہتے ہیں مگر مکمل معلومات نہ ہونے کے سبب اس طرف مائل نہ ہو سکے، میں کوشش کروں گا کہ انتہائی آسان طریقہ سے ان کی راہنمائی کر سکوں اور گاہے بگاہے انہیں گھریلو پودوں کا تعارف کر واسکوں تاکہ وہ آسانی سے اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔بعض لوگ نرسریوں میں جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سب سے مہنگے پودے دے دیں اور ہزاروں روپے خرچ کر دیتے ہیں مگر وہ پودے ان کی لاپرواہی کی وجہ سے جلد ضائع ہو جاتے ہیں تو جلد ان کا شوق بھی اچاٹ ہو جاتا ہے۔ میرے خیال میں پودے سستے یا مہنگے نہیں ہوتے بلکہ آپ کی توجہ اور محبت ان کو مہنگا بنا دیتی ہے۔ اس لئے کبھی مہنگے پودے خریدنے کے چکر میں نہ پڑیں، ایک بات بتاؤں گملے میں محض گھاس بھی لگا ہو تو خوبصورت لگتا ہے اس لئے جو مل جائے اس کو گملہ میں لگا دیں۔
آج آپ کو ایک انتہائی سستے لیکن بہت ہی خوبصورت پودے کا تعارف کروانے جا رہا ہوں۔انتہائی آسانی سے گملوں میں لگائے جانے اس پودے کا عام فہم نام" منی پلانٹ" ہے بلکہ ہمارے ہاں روائت ہے جس گھر میں منی پلانٹ ہوتا ہے وہاں بڑی خوشحالی آ جاتی ہے بحرحال یہ روائت ہی ہے، ان ڈور پودوں میں سب سے زیادہ مقبول پودا ہے بس آپ ایک دفعہ کسی دوست سے یا نرسری سے اس لے لیں،نرسری سے ممکن ہے پچاس روپے میں مل جائے بس پھر اس سے جتنے چاہو تیار کرلو بس اس کی تقریباً چھ انچ کی شاخ کو سیون اپ کی بوتل میں پانی ڈال کر لگا دو ،اس کا دو انچ حصہ پانی میں اور باقی باہر ہو، ایک ہفتہ میں آپ کو اس کی سفید رنگ کی جڑیں نظر آنا شروع ہو جائیں گی بس نکال کر کسی چھوٹے گملے میں لگا لیں،ذرا بڑا ہوجائے تو بڑے گملہ میں شفٹ کر دیں، لٹکانے والی ٹوکریوں میں بھی بہت خوبصور ت لگتا ہے،پانی کی بوتلوں میں بھی سب سے زیادہ اسی کو ہی لگایا جاتا ہے اور اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ عام پودوں کی نسبت رات کو یہ زیادہ آکسیجن خارج کرتا ہے اس طرح یہ ہمارے گھر کے ماحول کو بھی آلودگی سے پاک کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔بس آپ طے کر لیں کہ آپ نے باغبانی شروع کرنا ہے پھر انشا ء اللہ راستے خو بخود کھلتے جائیں گے۔ہرماہ دو تین سو روپے بھی خرچ کرتے رہے تو سال بھر میں ہی آپ کا گھر گل و گلزار کا منظر پیش کرے گا۔


13 تبصرے:

محمد اسلم فہیم نے لکھا ہے کہ

خوبصورت باتیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ خوبصورتی کے ساتھ

naeemswat نے لکھا ہے کہ

میرے پسندیدہ ترین پودوں میں سے ایک منی پلانٹ ہے جس پر آج آپ نے پوسٹ لکھی بہت اچھی لکھی۔ میں نے بہت سارے منی پلانٹ مختلف قسم کی بوتلوں، جیم کی جار اورگملوں میں اُگائے تھے مگر جب سوات سے ایمرجنسی میں عارضی نقل مکانی کرنی پڑی تو میرے تمام پودے منی پلانٹ سمیت ضائع ہوگئے کیونکہ سوات تقریباً تین ماہ کے لئے ویران تھا اور ہم لوگ مہاجر تھے۔ خیر یہ تو الگ بات پے مگر جتنا یہ پودا خوبصورت ہے اُتنا ہی یہ نازک بھی ہے۔ اگر آپ نے اس کو کمرے کے اندر رکھا ہوا ہے تو احتیاط کرنی چاہئے کہ اچانک اس کو تیز روشنی یا ڈائرکٹ دھوپ میں نہ رکھیں ورنہ اس کی نازک پتے جل جائیں گے۔ اس کو جس درجہ حرارت میں شروع سے رکھا ہے اسی میں رکھیں۔ اس کی نشونما اور باقی پودوں کی نشونماء کے لئے بھی ایک اہم چیز کھاد ہوتی ہے۔ جس طرح انسان کو اچھی خوراک ملے تو تندرست و توانا رہتا ہے اسی طرح جب پودوں کو بھی اچھی خوراک ملے تو وہ توانا ہوتے ہیں۔ ہمارے گھر میں روز چائے کئی کئی دفعہ بنتی ہے، چائے بنانے کے بعد اس کی بچ جانے والی بوسی (استعمال شدہ چائے کے پتے ) اگر منی پلانٹ اور دوسرے پودوں کے گملوں میں ڈالیں تو ان کو قدرتی کھاد ملتی رہے گی۔ اگر تھوڑا خیال رکھیں ان کا تو کچھ ہی دنوں بعد اس کی نئی کونپلیں نکلیں گی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ شاخیں بن جائیں گی اگر ارادہ ہے کہ دوسرے پودے لئے جائیں اس سے تو ان کی مناسب شاخ تراشی کرلیں اور جس طرح سے مصطفٰی بھائی نے لکھا ہے بوتل میں پانی ڈال کر چند دن رکھ لیں نیا پودا بن جائے گا۔ منی پلانٹ کے خاندان کے اور بھی بہت سارے پودے ہیں جو کہ اسی تکنیک اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے بڑی آسانی سے اُگائے جا سکتے ہیں۔

rdugardening.blogspot.com نے لکھا ہے کہ

شکریہ فہیم بھائی اور نعیم خان
آپ کا تعاون رہا تو ہم انشا ء اللہ پاکستان کو اس کے پرچم کی طرح سر سبز اور اس کے نام کی طرح پاک یعنی آلودگی سے پاک بنانے کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
آپ کی تجاویز قابل احرام ہیں ، امید ہے معلومات شیئر ہوتی رہیں گی

Mirza Zubair نے لکھا ہے کہ

ماشاءاللہ بہت مفید اورقابل تلقید تحریر ہے - اللہ تعالٰی ہم سب کو ماحول اور سماجی رویوں کو بہتر بنانے کی توفیق عطا فرمائے- ان ڈورپودوں کا کام تو انتہائی آسان اور خوبصورت ہے - صحت مند آرائش

rdugardening.blogspot.com نے لکھا ہے کہ

شکریہ مرزا زبیر صاحب ،میری بھی دعا ہے کہ اللہ تعالٰی ہم سب کو ماحول اور سماجی رویوں کو بہتر بنانے کی توفیق عطا فرمائے- آمین

My kitchen garden project. نے لکھا ہے کہ

Great blogs in Urdu for to promote gardening .

rdugardening.blogspot.com نے لکھا ہے کہ

My kitchen garden project
آپ کی حوصلہ افزائی کا شکریہ

میں بھی پاکستان ہوں نے لکھا ہے کہ

سر ماشاء اللہ ، بہت زبردست بہت اعلٰی تحریر ہے، یہ وہ موضوع ہے جس پر کم از کم میں نے پہلی بار کوئی باقاعدہ بلاگ دیکھا ہے۔ پلیز اسکو جاری رکھئیے گا۔ میں نے ساتویں کلاس میں زراعت پڑھی تھی، پھر اپنے پورے گھر کو گملوں اور پودوں سے سجا لیا تھا۔ سبز مرچ، دھنیا، سونف، گلاب، منی پلانٹ، اس کے علاوہ زخم حیات اور کئی اور پھولوں والے پودے لگاتا تھا۔ گھر کی ساری سیڑھیاں گملوں سے بھری ہوتی تھیں۔ لیکن جب سے روزگار نے پردیسی کیا ہے، گھر میں کسی نے توجہ نا دی اور آہستہ آہستہ سب ختم ابھی صرف یہی منی پلانٹ باقی ہے۔ بہت اچھا لگا آپ کی معلوماتی اور خوبصورت تحریر بلکہ یہ بلاگ دیکھ کر۔ اللہ پاک آپ کو صحت اور لمبی زندگی عطاء فرمائے۔ آمین ثم آمین

rdugardening.blogspot.com نے لکھا ہے کہ
یہ تبصرہ مصنف کی طرف سے ہٹا دیا گیا ہے۔
rdugardening.blogspot.com نے لکھا ہے کہ


رانا صاحب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پسندیدگی کا شکریہ ، اصل میرے لئے بھی اس بلاگ کے لکھنے کے پیچھے آُپ کی طرح وہی شوق کا فرما ہے ،میں نے اردو میں بہت کوشش کی کہ کوئی ویب سائٹ کوئی بلاگ مل جائے ، صرف زوق کی تسکین کے لئے مگر جب نہ ملا تو آُپ ہی کو شش شروع کر دی ، احباب کے حیران کن رسپانس نے حوصلہ افزائی کی ہے اب انشا ء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا ، فیس بک پیچ پر بھی ہم سب آپس میں معلومات شئیر کرتے رہیں گے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آپ کی دعاؤں اور محبتوں کا شکریہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت سی دعائیں آپ کے لئے

17 September 2013 22:07

Unknown نے لکھا ہے کہ

Very Good...Thank You for inform us some important things about ''Money Plant''.
I request you please tell us some about vegetable's plants that we can row in our house...
Thank You'

Regard:
Mudassir Ali

Sh. Haroon Kamran's Blog نے لکھا ہے کہ

جزاک اللہ
بہت ہی شاندار بلاگ ہے اور آپ کی بلاگ پڑھ کر میں نے گھر میں چھ سے سات پودے لگا لیے ہیں اور ان کی دیکھ بھال بھی کر رہا ہوں اس نئے شوق کو جسے آپ کی بلاگ نے پروان چڑھایا ہے بہت انجوائے کر رہا ہوں اور ایک طرح کا سکون آگیا ہے زندگی میں ، اس بلاگ کو اسی طرح جاری و ساری رکھیں
اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو

rdugardening.blogspot.com نے لکھا ہے کہ

آپ کی محبت کا شکریہ ۔ آپ نے بلاگ پڑھ کر چند پودے لگائے ، دوسروں کو ترغیب دی ، الحمد اللہ میرا تحریر لکھنے کا مقصد پورا ہو گیا ۔

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔